الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ آفیسرز (آر اوز) کا تقرر کر دیا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ملک بھر میں ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ بھی شروع کر دی تھی، ٹریننگ الیکشن شیڈول سے پہلے ضروری ہے تاکہ شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور وصول کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ڈی آر اوز اور آر اوز کے تقرر کو چیلنج کیا، ڈی آر اوز اور آر اوز کی تقرری کی معطلی کے بعد کی صورتحال پر غور کیا، جلد ہی اس پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کا الیکشن کمیشن کو کسی طور ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔