پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کے مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ الیکشن کروانے والا ادارہ ہی متنازع ہے تو الیکشن کیسے شفاف ہوں گے۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے الیکشن صاف و شفاف نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے تفصیلی ملاقات ہوئی، کاغذات نامزدگی لے کر گیا تھا۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں جیل انتظامیہ رکاوٹیں ڈال رہی ہے، جیل انتظامیہ کے رویے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔
انکا یہ بھی کہنا تھا کہ جیل میں ملاقات کا دورانیہ بڑھانے سے متعلق ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر الیکشن میں ورکرز کو ترجیح دی جائے گی۔ بلوچستان میں ورکرز کنونشن پر بانی پی ٹی آئی نے خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے ورکرز کنونشن میں حصہ نہیں لیا ان کو ٹکٹ نہیں ملے گا۔