پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینئر وکیل خامد خان نے کہا ہے کہ ہم انتخابات کا التوا نہیں چاہتے، پارٹی کو بلے کا انتخابی نشان ملنا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران حامد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بار کونسل اور بار ایسوسی ایشن کی بات پر مجھے اعتبار نہیں، لگتا ہے کہ یہ سب کسی کے اشارے پر ہو رہا ہے، پوچھنا چاہتا ہوں کہ الیکشن میں تاخیر کی کوشش کیوں کی جارہی ہے؟
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حلقہ بندیاں ہوچکی ہیں اب ان کو ہی فائنل سمجھا جائے، اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ انتخابات صاف اور شفاف ہونے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے سپریم کورٹ دیکھے گی کہ کوئی غیرآئینی اور غیر جمہوری عمل تو نہیں ہورہا، الیکشن کمیشن جانبدارانہ کردار ادا کررہا ہے۔
حامد خان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن قانون کے مطابق اور دیگر جماعتوں سے بہتر ہوئے ہیں، اگر الیکشن کمیشن نے ناانصافی کی تو ہم سپریم کورٹ جائیں گے۔