بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فرد جرم عائد کیے جانے کے دوران شدید غصے میں آگئے تھے۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف اڈیالہ جیل میں فرد جرم عائد کرنے کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی فرد جرم عائد کیے جانے کے دوران شدید غصے میں آگئے اور دوران سماعت الیکشن کمیشن کے تینوں ارکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
بانی پی ٹی آئی نے ممبران الیکشن کمیشن کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں تم سب کی شکلیں پہنچانتا ہوں اور نام بھی معلوم ہیں، اقتدار میں آکر تم پر آرٹیکل 6 لگاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ تم جس کے کہنے پر سب کچھ کر رہے ہو وہ تمہیں بچا بھی نہیں سکے گا۔
ذرائع کے مطابق ممبران الیکشن کمیشن بانی پی ٹی آئی کی دھمکی پر حیران رہ گئے۔
بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد
یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں الیکشن کمیشن نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور فواد چوہدری پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
کیس کی سماعت الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے اڈیالہ جیل میں کی تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے فردِ جرم کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی تھی۔
اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے، ملزمان نے چارج شیٹ میں لگے الزامات سے انکار کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 16 جنوری تک ملتوی کر دی۔