بچوں کی فلاح و بہبود اور معیاری تعلیم و تربیت کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، سردار ایاز صادق
اسلام آباد،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم، تربیت اور تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بچوں کے تحفظ، معیاری تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی ضمانت دیتا ہے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے “پارلیمانی کاکس برائے تحفظِ اطفال” قائم کیا گیا ہے، جو بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ اطفال کے موقع کی مناسبت سے کیا، جو ہر سال 20 نومبر کو اقوام متحدہ کے زیر اہتمام دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بچوں کی فلاح و بہبود اور معیاری تعلیم و تربیت کسی بھی قوم کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ اطفال ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کے لیے ایک ایسا محفوظ، خوشحال اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ آزادی کے ساتھ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکیں۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ پارلیمان بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی اور عملی اقدامات کے لیے پُرعزم ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا کہ جن سے ہر بچہ اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے اور ایک باوقار زندگی گزار سکے۔ انہوں نے کہا کہ والدین، اساتذہ، اور معاشرے کے تمام طبقات مل کر بچوں کی معیاری تعلیم و تربیت اور ان کی بہترین نشوونما کے لیے کردار ادا کریں۔
1