شہریوں کی سہولیات کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا،سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتری لانے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں
اسلام آباد ٹریفک پولیس کامشن ٹریفک کی روانی کو قائم کرنے کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ صلاحیت کو عوام کی خدمت کے لئے مہیا کرنا ہے۔
اسلام آباد(رپورٹر) اسلام آباد ٹریفک پولیس وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کی روانی،شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے، ڈرائیونگ کی تربیت اور لائسنس کے حصول کے ساتھ شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کرنے میں ہمہ وقت کوشاں ہے ،اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آبادکیپٹن ریٹائرڈ ذیشان حیدر نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا ،جن میں جدید ڈرائیونگ لائسنس،ون ونڈو ہال اورڈرائیونگ ٹیسٹ ایریاسمیت دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا اورخصوصی جانچ کی،اس موقع پرسی ٹی او اسلام آباد نے شہریوں کی سہولیات کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اوراس میں مزید بہتری لانے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ملک بھر میں ایک ماڈل فورس کی حیثیت سے جانی جاتی ہے،اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران دوران ڈیوٹی شہریوں کے ساتھ مہذب طریقے سے پیش آئیں، ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو ایک چھت کے نیچے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ڈرئیونگ ٹیسٹ میں میرٹ کو ملحوظ خاطررکھتے ہوئے معیار کو برقرار رکھا جائے، اس موقع پر انہوں نے افسران کو مزید ہدایات جاری کیں کہ وہ ڈرائیونگ لرنر پرمٹ حاصل کرنے والے شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تا کہ اسلام آباد کو حادثات سے پاک شہر بنایا جاسکے۔



