انچارج تجاویزات کی زیرنگرانی آپریشن 22نمبر ٹینچ,ڈھوک سیداں، پیپل کالونی، مصریال روڈ، رینج روڈ، الہ آباد، پشاور روڈ، نصیرآباد،ویسٹرج اورحافظ آباد میں آپریشن بلا تفریق کیا گیا، ذرائع
ترجمان کا دعویٰ ہے کہ اہلیان کینٹ کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کنٹونمنٹ کا عملہ شب وروز کوشاں ہے۔
راولپنڈی (مدثر الیاس کیانی):
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی ہدایات پر محکمہ انسدادِ تجاوزات نے مختلف مصروف بازاروں اور شاہراہوں میں بلاامتیاز آپریشن کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔آپریشن کی نگرانی انچارج انسدادِ تجاوزات نے کی، جبکہ کارروائیاں 22 نمبر ٹینچ، ڈھوک سیداں، پیپل کالونی، مصریال روڈ، رینج روڈ، الہ آباد، پشاور روڈ، نصیرآباد، ویسٹرَج اور حافظ آباد سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔محکمہ کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران قابض مافیا کا سامان ضبط کر کے اسٹور روم منتقل کر دیا۔ بعد ازاں قانونی تقاضے پورے کرنے اور اس شرط پر کہ شہریوں کی آمد و رفت میں دوبارہ رکاوٹ نہ ڈالی جائے، سامان مالکان کو واپس کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ناجائز منافع خوری کے باعث بعض عناصر مصروف شاہراہوں اور سرکاری املاک پر دوبارہ قبضہ کر لیتے ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے محکمہ انسدادِ تجاوزات کے عملے کو ہدایت دی ہے کہ کارروائیوں کو مزید تیز اور بلا تفریق بنایا جائے۔ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق، اہلیانِ کینٹ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے عملہ شب و روز متحرک ہے۔





