لاہور (عمر حیات چوہدری) وفاقی محتسب (Ombudsman) سیکرٹریٹ، ریجنل آفس لاہور کی تین رکنی ٹیم نے آج لاہور ریلوے اسٹیشن کا تفصیلی دورہ اور معائنہ کیا۔ ٹیم کی قیادت ایسوسی ایٹ ایڈوائزر سید غضنفر مہدی کر رہے تھے جبکہ مسٹر گلزار احمد بٹ (اسسٹنٹ ایڈوائزر) اور مسٹر محمد طاہر ضمیر (ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن) ان کے ہمراہ تھے۔

معزز مہمانوں کا استقبال ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ آپریشنز محترمہ فاطمہ بلال، ڈویژنل کمرشل آفیسر عدنان مروت، ڈویژنل انجینئر تھری مرتضیٰ اور اسٹیشن منیجر ظفر اقبال نے کیا۔
دورے کے دوران ٹیم کو لاہور ریلوے اسٹیشن کی بنیادی آپریشنل سرگرمیوں، مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، حالیہ ترقیاتی اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں سے تفصیلاً آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور اسٹیشن پر حال ہی میں CIP لاؤنج برائے پلیٹ فارم نمبر 2، فیملی لاؤنج، ایئرکنڈیشنڈ ویٹنگ ہالز، اسکلیٹرز، انفارمیشن ڈیسک، مفت Wi-Fi سروس، جدید انفارمیشن اسکرینز، اور صفائی و سہولیات کے نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔
وفاقی محتسب ٹیم نے اسٹیشن پر موجود تمام ویٹنگ ہالز، پلیٹ فارم نمبر 2 کے ریستوران، ٹک شاپ اور دیگر سہولیات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ ٹیم نے اشیائے خوردونوش کے معیار، ریٹ لسٹ اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مزید برآں، ٹیم نے موقع پر موجود مسافروں سے بھی ٹکٹنگ یا دیگر سہولیات سے متعلق مسائل کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مسافروں نے مثبت تاثرات دیتے ہوئے انتظامات کو مناسب اور اطمینان بخش قرار دیا۔
وفاقی محتسب ٹیم نے لاہور ریلوے انتظامیہ کی جانب سے اسٹیشن کی ترقی، سہولیات میں بہتری اور عوامی خدمت کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ان کوششوں کو مزید مستحکم بنانے کی تاکید کی۔


