
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کیے جائیں ۔
سبزیاں، دالیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پرعام آدمی فاقوں پر مجبورہوچکا ہے ۔
مارکیٹوں میں مہنگائی بے قابو، انتظامیہ بے بس، عوام گراں فرشوں کے ہاتھوں لوٹنے پر مجبور۔
امیرجماعت اسلامی لاہورضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ ہوشربا مہنگائی پر انتظامیہ کی نااہلی کی شدید مذمت
لاہور (عمرحیات چوہدری) امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ہوشربا مہنگائی اور حکومتی نااہلی پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری گراں فروشی اور مہنگائی کی لہر نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ سبزیاں، دالیں، گوشت اور دیگر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ انتظامیہ کی عدم توجہی اور ناقص پالیسیوں کے باعث عام شہری فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں، جبکہ بازاروں اور مارکیٹوں میں قیمتوں پر کوئی کنٹرول نظر نہیں آتا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ عوام کے مفاد کو نظر انداز کرتے ہوئے تاجروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ہاتھوں یرغمال بنی ہوئی ہے۔ اشیاء صرف کی قیمتیں ان کی مرضی و منشا کے مطابق طے کی جاتی ہیں، جبکہ مہنگائی کا بوجھ صرف اور صرف عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ دکانداروں کا یہ جواز کہ “ہمیں اوپر سے مہنگی ملتی ہیں”، انتظامیہ کی نااہلی اور مانیٹرنگ نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ضیاء الدین انصاری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حقیقی اثرات ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں واضح کمی کی صورت میں عوام تک منتقل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آ چکا ہے اور اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزوں کو قانون کے دائرے میں لا کر سزا دی جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف میسر آ سکے اور زندگی کا پہیہ کسی حد تک رواں ہو سکے۔

