راولپنڈی (نمائندہ خصوصی): سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انویسٹی گیشنز محمد عثمان طارق بٹ کی زیر صدارت سنگین جرائم کے زیر تفتیش مقدمات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی انویسٹی گیشنز نے راہزنی اور دیگر سنگین جرائم کے زیر تفتیش مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان مجاز عدالتوں میں بھجوائے جائیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلائی جا سکیں۔ایس ایس پی محمد عثمان طارق بٹ نے کہا کہ موثر اور غیر جانب دار تفتیش ملزمان کو سزا دلوانے اور شہریوں کو انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کو بہتر بنانے کے لیے روایتی تفتیش کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی لازمی بنایا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جرائم پیشہ گروہوں کے عدم گرفتار ارکان اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریاں یقینی بنائی جائیں۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
