3

راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، ڈاکو ہلاک، متعدد گرفتار، منشیات، اسلحہ اور جعلی نوٹ برآمد



راولپنڈی (نمائندہ خصوصی): راولپنڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے خطرناک ڈاکو کو ہلاک، متعدد ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات، شراب، جعلی نوٹ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ نصیر آباد کے علاقے میں رات گئے موٹرسائیکل سوار چار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو خطرناک اور مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک ڈاکو دم توڑ گیا جس کی شناخت حبیب اللہ کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک گولی کانسٹیبل امجد حسین کو بھی لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ پہننے کے باعث محفوظ رہے۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا۔سی پی او سید خالد ہمدانی نے ڈاکوؤں کی فائرنگ کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر ایس پی پوٹھوہار، ایس ڈی پی او کینٹ اور نصیر آباد پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔دوسری جانب نیوٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے گن پوائنٹ پر چھینا گیا موٹرسائیکل، 32 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔اسی طرح صادق آباد پولیس نے سابقہ رنجش پر فائرنگ کر کے شہری کو زخمی کرنے اور اس کے بیٹے و بیٹی پر تشدد کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بتایا کہ کارروائی ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے عمل میں لائی گئی، جب کہ دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ادھر گنجمنڈی پولیس نے جعلی نوٹوں کی ترسیل کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 30 ہزار روپے کے جعلی نوٹ برآمد کیے۔منشیات کے خلاف کارروائیوں میں مختلف تھانوں نے چھ افراد کو گرفتار کر کے دو کلو 400 گرام چرس اور 38 لیٹر شراب برآمد کی۔ کارروائیاں رتہ امرال، وارث خان، چکلالہ، صدر واہ اور ویسٹریج پولیس نے انجام دیں۔
علاوہ ازیں پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے چار افراد کو بھی حراست میں لے کر اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا۔ کارروائیاں چکلالہ، نیوٹاؤن، صادق آباد اور کلرسیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔
پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں