نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان نے تقریب پذیرائی منعقد کی، ریحان ہاشمی مہمان خصوصی تھے
لاہور(قیصر چوہان)نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان نے ماہر لسانیات شاعروادیب ڈاکٹر محمد شان الحق حقی دہلوی کی ادب و لغت نویسی پر دنیا میں پہلی ڈاکٹریٹ کرنے والے محقق ڈاکٹر عرفان شاہ اور قانون کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر عابد جاوید شیروانی ایڈوکیٹ کے اعزاز میں تقریب پذیرائی منعقد کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر عرفان شاہ کو تدریسی اور ادبی خدمات پرنشان کمال وفن سے نوازا گیا۔دلکش اور شاندار تقریب کے مہمان خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی تھے ،دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر فرحت ہاشمی اور نامور فلمی اداکار غلام محی الدین تھے۔نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری پروفیسر خواجہ قمر الحسن کی زیر نگرانی منعقد ہونے والی یاد گار تقریب کے میزبان طوبیٰ خواجہ اورمہربان علی خان تھے ۔ حلقہ احباب ذوق گلشن معمار اور شاہ محی الحق فاروقی لائبریری واکیڈمی کے منتظم تسنیم فاروقی مسند صدارت پر فائز ہوئے۔تقریب پذیرائی میں سیدمعراج جامی،پروفیسر شہناز نصیر،پروفیسرڈاکٹریاسمین سلطانہ، پروفیسر صفدر علی خان انشاء، پروفیسر محمد صابر، خالد پرویز ،سدرہ عارف اور دیگر صاحبان علم ودانش نے شخصیت اور علمی خدمات کے بارے میں مضامین پیش کیے۔ممتاز شاعر سیدانورجاویدہاشمی نے تدریس اور ادبی خدمات پرسراج الدولہ گورنمنٹ ڈگری کالج نمبر۱کراچی کے شعبہ اُردو کے صدر نشین بزم اساتذہ اُردو(رجسٹرڈ ) سندھ معتمد عمومی اور ماہر لسانیات شاعروادیب ڈاکٹر محمد شان الحق حقی دہلوی کی ادب و لغت نویسی پر دنیا میں پہلی ڈاکٹریٹ کرنے والے محقق ڈاکٹر عرفان شاہ کوخراج تحسین پیش کیا۔عابد جاوید شیروانی ایڈوکیٹ کو قانون کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر افتخار ملک ایڈووکیٹ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالصمد نور سہارنپوری ،کشور عروج سمیت دیگر نے خراج تحسین پیش کیا۔مہمان خصوصی سابق رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عرفان شاہ کی نگاہ حقائق اور واقعات پر بڑی گہری رہتی ہیں وہ ایک با شعور صاحب قلم ہیں، علمی خدمات کی ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہے کہ انسان دنیاوی معاملات سر انجام دینے کے ساتھ ہی قلم و قرطاس سے اپنے آپ کو مستقل طور پر وابستہ رکھے، انہوں نے پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے باوجود ادب اور ادیبوں، قلم اور اہل قلم، علم اور اہل علم سے رشتہ استوار رکھا ۔تقریب میں نیشنل فورم آف تھنکرزپاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عرفان شاہ اور عابد جاوید شیروانی ایڈوکیٹ کو یادگار ی شیلڈ بھی پیش کی گئیں۔
فوٹو کیپشن:
سابق رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی، نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری پروفیسر خواجہ قمر الحسن اورتسنیم فاروقی قابل ستائش تدریس اور ادبی خدمات کے عوض ڈاکٹر عرفان شاہ کو نشان کمال وفن پیش کررہے ہیں


نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان کی تقریب میں ڈاکٹرعرفان شاہ کا پروفیسر شازیہ ظہور،ڈاکٹرفرحت عظیم ،پروفیسر شہناز نصیر،ڈاکٹریاسمین سلطانہ اورطوبیٰ خواجہ کے ہمراہ گروپ فوٹو
نیشنل فورم تھنکرز آف پاکستان کی تقریب میں اداکار غلام محی الدین، ڈاکٹرعرفان شاہ،شہزادنیاز،تسنیم فاروقی،صدیق راز،عمر حیدر اورسید انور جاوید ہاشمی کا گروپ فوٹو