
لاہور(عمرحیات چوہدری) وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سموگ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔سموگ کے مضر اثرات میں کمی کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے بھی واشر گاڑیاں، رکشے اور صفائی ٹیمیں شہر بھر میں متحرک ہیں۔سموگ کے پیشِ نظر فضا میں دھول مٹی کے ذرات کو کم کرنے کے لیے شہر کے اہم چوکوں، چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کی واشنگ ٹیمیں بھوگیوال روڈ، گجر پورہ اور چائنہ سکیم کے علاقوں میں تعینات ہیں، جبکہ شاہدرہ، راوی پل، آزادی چوک اور سرکلر روڈ پر سڑکوں کی دھلائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔ ریلوے اسٹیشن، بادامی باغ لاری اڈا اور گریٹر اقبال پارک کے اطراف میں بھی پانی کے چھڑکاؤ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے۔مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین بلیوارڈ اور کینال روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر وقفے وقفے سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے ہدایت کی ہے کہ دھول مٹی اور فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ شہریوں کو سموگ فری اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔