لاہور (عمرحیات چوہدری) پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ پبلک ریلیشنز اینڈ ایڈورٹائزنگ کے طلبہ نے پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن میں دو ماہ کی انٹرنشپ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی۔ دورانِ انٹرنشپ طلبہ کو پبلک ریلیشنز کے طریقۂ کار، مواصلاتی نظام، مسافروں سے رابطہ کاری اور عوامی آگاہی مہمات کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی گئی۔

انٹرنشپ کی تکمیل پر طلبہ کو ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے، عدنان مروت نے تعریفی اسناد پیش کیں۔
اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور، انعام اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نہ صرف ایک قومی ادارہ ہے بلکہ عوامی خدمت کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اپنی تعلیمی قابلیت کو عملی میدان میں بروئے کار لاتے ہوئے مثبت تشہیر، عوامی اعتماد کی بحالی، اور ادارہ جاتی ساکھ میں بہتری کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈی ایس لاہور نے مزید کہا کہ ریلوے کے مختلف شعبہ جات میں جدید میڈیا، ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور پبلک ریلیشنز کے اصولوں کے مؤثر استعمال سے ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ایک پیشہ ورانہ اہمیت کا حامل ادارہ ہے جو نوجوانوں کو سیکھنے کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ نے پاکستان ریلوے لاہور انتظامیہ کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس انٹرنشپ سے انہیں سرکاری اداروں میں کمیونیکیشن سسٹمز کے عملی پہلوؤں کو سمجھنے کا قیمتی موقع ملا۔
طلبہ نے انٹرنشپ کے کامیاب انعقاد پر ڈی ایس ریلوے انعام اللہ اور ڈی سی او ریلوے عدنان مروت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔