پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کیساتھ ظلم کے متراد ف ہے۔
نااہل حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے ۔
حکومت مہنگائی کم کے دعوؤں پر قائم جبکہ آٹا، ٹماٹر، سبزیاں اور پھل عوام کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر کڑ ی تنقید

لاہور (عمرحیات چوہدری) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے ساتھ سنگین ظلم اور ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کیساتھ ظلم کے متراد ف ہے ۔پٹرول، ڈیزل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے قیمتوں میں اضافہ کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ عوامی مسائل سے مکمل طور پربے خبر اور عوام دشمن پالیسیوںپر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نااہل حکومت کے دور میں عوام کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکمران طبقہ صرف اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے مہنگائی کم کرنے کے تمام دعوے محض زبانی جمع خرچ ثابت ہو چکے ہیں۔ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں کہ آٹا، ٹماٹر، سبزیاں اور فریش فروٹ جیسی روزمرہ ضروریات کی اشیاء عام شہری کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے گا بلکہ ٹرانسپورٹ، کاروبار اور زراعت کے شعبوں کو بھی بری طرح متاثر کرے گا۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر مہنگائی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔