16

واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے اعلیٰ سطحی وفد کا واسا ہیڈ آفس لاہور کا دورہ

واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز پشاور کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے واسا ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر مدثر جاوید نے وفد کو واسا لاہور کی کارکردگی، سروس ڈیلیوری کے جدید نظام، اور شہری شکایات کے ازالے کے مؤثر میکنزم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد کے شرکاء کے ساتھ واسا لاہور کے ڈیجیٹل واٹر میٹرنگ منصوبے کے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا لاہور لوراوین ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی کے استعمال کی درست نگرانی، ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، اور غیر قانونی کنکشنز کی بروقت نشاندہی ممکن بنا رہا ہے۔ مزید برآں واسا لاہور نے ڈیجیٹل واٹر میٹرنگ، لیک ڈیٹیکشن سسٹمز، اور ریئل ٹائم ڈیٹا مانیٹرنگ کے ذریعے پانی کے غیر منافع بخش استعمال میں کمی کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کی ہے، جو شہریوں کو بہتر اور منصفانہ فراہمیٔ آب یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید کا کہنا ہے کہ واسا لاہور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت، مؤثر نگرانی، اور عوامی خدمت کے نئے معیار قائم کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد پانی کے ہر قطرے کو محفوظ اور مؤثر انداز میں استعمال میں لانا ہے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل واٹر میٹرنگ منصوبہ واسا لاہور کی جدید دور کی ضروریات کے مطابق ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف پانی کے ضیاع میں کمی لائے گا بلکہ ادارے کی سروس ڈیلیوری کو بھی مزید بہتر بنائے گا۔
وفد کے شرکاء نے واسا لاہور کے اقدامات کو انقلابی پیش رفت قرار دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا۔ یہ ملاقات دونوں اداروں کے درمیان تجربات کے تبادلے، باہمی تعاون اور شہری سہولیات کے شعبے میں بہتری کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں