نیشنل بینک آپریشن گروپ سٹاف کی بد تمیزی کے سبب فیملی پنشن لینے آئی بزرگ بیوہ خاتون ہلاک ہوئی
لاہور( نمائندہ خصوصی )نیشنل بینک انتظامیہ کے توہین آمیز رویے کی وجہ سے فیملی پنشن لینے آئی بزرگ بیوہ خاتون کی ہلاکت پر پنشنرز ایکشن کمیٹی نیشنل بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں ظفر صادق ،عشرت بٹ ، محمدزبیریوسف بٹ ، چوہدری اختر ورک ، ذوالفقار سندھو سمیت پنشنرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پرنیشنل بینک انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے،مظاہرین نے فیملی پنشن لینے آئی بزرگ بیوہ خاتون کی ہلاکت کا ذمے دار نیشنل بینک آپریشن گروپ کو قرار دیتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف ، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ ظفر صادق ،عشرت بٹ ، محمدزبیریوسف بٹ ، چوہدری اختر ورک ، ذوالفقار سندھو نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل بینک آف پاکستان مین برانچ کراچی میں 31اکتوبر2025کو فیملی پنشن لینے آئی بزرگ بیوہ خاتون کے ساتھ آپریشن گروپ کے سٹاف کی بد تمیزی اور توہین آمیز رویے کے سبب دلبرداشتہ بیوہ خاتون نے بے بسی کی حالت میں وفات پائی ،جس کا ذمہ دار نیشنل بینک آپریشن گروپ ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پنشنرز ایکشن کمیٹی نیشنل بینک آف پاکستان نے مطالبہ کیا کہ سانحہ مین برانچ کراچی میں وفات پاجانے والی بزرگ بیوہ خاتون کے لواحقین کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نیشنل بینک آف پاکستان کی انتظامیہ خصوصی توجہ دے ،بائیو میٹرک ، لائف سرٹیفکیٹ کے نام پر پنشن روکنے اور اکاﺅنٹ بلاک کرنے کا ڈرامہ ختم کیا جائے ،ریگولر سٹاف کی ماہانہ سیلری ریلیز کرتے وقت ماضی کی طرح اگلے دنکو پنشن ریلیز کی جائے ،سپریم کورٹ میں صدر بینک رحمت علی حسنی ، گروپ چیف ایچ آرمرزا عاصم بیگ، گروپ چیف فنانس عبد الواحد سیٹھی اور لیگل ہیڈ مہناز سالار کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ زیر سماعت ہے، مقدمے کا فیصلہ ہونے تک ان پر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کی جائے اوربوڑھے پنشنرز کے میڈیکل بل جو ہیڈ آفس میں ایک طویل عرصہ سے پینڈنگ ہیں ان کو فی الفور منظورکیا جائے ۔
فوٹو کیپشن:
نیشنل بینک انتظامیہ کے توہین آمیز رویے کی وجہ سے فیملی پنشن لینے آئی بزرگ بیوہ خاتون کی ہلاکت پر پنشنرز ایکشن کمیٹی نیشنل بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے