لاہور (پریس ریلیز) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے شاندار کارکردگی پر الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ کے سینیئر اسٹاف کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ یہ اعزاز ملازمین کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا جنہوں نے چیچو کی ملیاں ریلوے اسٹیشن پر وابڈا کی جانب سے 11 ہزار وولٹ بجلی کے کنکشنز کے معاملے پر مؤثر ایکشن لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس ریلوے کے احکامات پر ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر کی قیادت میں ایک ایکشن ٹیم تشکیل دی گئی جس نے 11 کے وی اے لائن کے کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کیے اور واپڈا کی جانب سے تین کروڑ روپے کی وصولی کے لیے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا۔ اس کے علاوہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی اور ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے اس موقع پر الیکٹریکل ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے مفاد میں اس طرح کی فوری اور ذمہ دارانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر اور ڈویژنل سگنل و ٹیلی کام انجینئر محمد ندیم خٹک بھی موجود تھے۔ تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں محمد اشرف شاہد (فورمین الیکٹریکل)، نوید الحسن رضوی (فورمین الیکٹریکل)، فیصل حسین شاہ (مستری وائرمین)، محمد زبیر (اسسٹنٹ پمپ ڈرائیور) سمیت دیگر اسٹاف شامل ہے۔