
لاہور(عمرحیات چوہدری)وفاقی سیکریٹری برائے نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن،جناب اسد رحمان گیلانی نے آج نیشنل ہسٹری میوزیم، گریٹر اقبال پارک لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر شاہ نواز وٹو اورمیوزیم انتظامیہ کے عہدیداران نے وفاقی سیکریٹری کا استقبال کیا اور انہیں میوزیم کی مختلف گیلریوں، تاریخی نوادرات اور ثقافتی ورثے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اسد رحمان گیلانی نے نیشنل ہسٹری میوزیم کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ میوزیم پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی شناخت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اپنے ماضی سے جوڑنے کے لیے ایسے اداروں کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔وفاقی سیکریٹری نے میوزیم کے توسیعی منصوبوں، ڈیجیٹل آرکائیونگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔