31

اقبال کے افکار پر عمل کرنے سے پاکستان ترقی کرےگا: ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ


حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام”جہانِ شاہین“کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے زیر اہتمام”جہانِ شاہین“کے عنوان سے عظیم مفکر، فلسفی اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔جس کی مہمان خصوصی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ تھیں ، تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد،نگران شعبہ یوتھ عائشہ عظیم ،ڈاکٹر صبا ،عائشہ حمیرہ سمیت طالبات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی شعبہ جے آئی یوتھ اسلام آباد کے زیر اہتمام ایگزیکٹو مارکی میں منعقد ہونے والی تقریب میں طالبات کے درمیان کلام اقبال اور پوسٹر میکنگ کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ کلام اقبال کے ججز میں اساتذہ امینہ سراج، ڈائریکٹر المصطفی آن لائن اکیڈمی عائشہ حمیرہ اورادیبہ شہناز رﺅف جبکہ پوسٹر میکنگ کے ججزمیں ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عفت سجاد اور ڈاکٹر صبا شامل تھیں نے عشال لیاقت، حلیمہ زبیر اور علینہ رضوان کو فاتح قرار دیا۔مہمان خصوصی اسسٹنٹ پروفیسر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر تیمیہ صبیحہ نے علامہ اقبال کی فکری عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مصور پاکستان، عظیم مفکر، فلسفی اور شاعر علامہ محمد اقبال نے غلامی کے اندھیروں میں خودی، ایمان کی شمع روشن کی، مایوس قوم کو بیداری، علم، عمل و خود اعتمادی کا درس دیا، علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی کا شعور بیدار کیا،علامہ اقبال نے قوم کی سمت متعین کی اور قائداعظم درماندہ قافلے کو منزل کی طرف لیکر چلے، علامہ اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے سے ہی پاکستان ایک اعتدال پسند اور فلاحی ریاست بنے گا، علامہ اقبال کے افکار پر عمل کرنا ہی ان کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ نگران شعبہ یوتھ عائشہ عظیم نے کہا کہ آج کا نوجوان اگر اقبال کی فکر سے آشنا ہو جائے تو باطل قوتیں کتنی ہی طاقتور ہو جائیں،نوجوانوں کی تحریک کے آگے زیادہ دیر تک نہیں رک سکتیں لہٰذانوجوان نسل اپنی قوت سے ملک کے فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے جماعت اسلامی جیسی منظم تحریک کا حصہ بنیں۔المصطفی آن لائن اکیڈمی کی ڈائریکٹر عائشہ حمیرہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کی فکر نوجوانوں میں شعور اور عمل کی طاقت پیدا کرتی ہے،علامہ اقبال کے افکار نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہیں، نوجوان اقبال کے فلسفہ خودی کو اپنا کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں، اقبال نے ایک اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی معاشرے کا تصور پیش کیا ، اقبال کا پیغام روحانی بلندی، خود ارادیت، علم کی اہمیت اور قوم کی بقا کیلئے ذمہ داری کا درس دیتا ہے،قبال کی شاعری ہمیں بتاتی ہے کہ خودی کی روشنی کے بغیر قومیں بلندی حاصل نہیں کر سکتیں،زندگی کے تمام مکاتب فکر کے لوگ علامہ اقبال کے پیغام کو سمجھیں، پڑھیں اور اس پر عمل کریں تاکہ ہمارا ملک علم، امن اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں