6

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں سیرت النبی کانفرنس منعقد ہوئی


سیرت النبی ایک کامل ضابطہ حیات اور ہر انسان کیلئے ذریعہ ہدایت ہے: پروفیسر سارہ معین


کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میںسیرت النبی کانفرنس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ اس پر نور محفل کی مہمان خصوصی معروف نعت خواں پروفیسر سارہ معین نے اپنی خوبصورت آواز میں اللہ کے آخری نبی حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی مداح سرائی کرکے حاضرین کے دلوں کو محبت رسول سے منور کیا۔ سیرت النبی کانفرنس کی آگنائزنگ کمیٹی کی سیکرٹری پروفیسر شازیہ منصور تھیں ان کی معاونت پروفیسر غیاث اور پروفیسر روبینہ نے کی۔جان محمد بروہی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گلشن معمار میں منعقد ہونے والی دو روزہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس کے پہلے مرحلے میں حسن قرا¿ت ، نعت خوانی اور تقریری مقابلے منعقد ہوئے جس میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ سیرت کانفرنس کی روح رواں کالج کی پرنسپل نیلم مشتاق نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو اسناد سے نوازا اور طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر اسلامی اقتدار کو پروان چڑھائیں اور آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے گئے اوصاف پر عمل کر کے اپنی زندگی کو آنےوالی نسل کیلئے عملی نمونہ بنائیں۔ سیرت النبی کانفرنس کے دوسرے روز معروف دینی اور علمی درسگاہ جامع الرشید کے مولانا محمد علی ظفرنے ختم نبوت کے موضوع پر روشنی ڈالی اور سیرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم بیان کی ، انہوں نے حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ختم رسل ہونے پر مدلل دلائل دیے اور ایمان افروز خطاب سے طالبات اور حاضرین کے بنیادی معلومات میں اضافہ کیا۔مہمان خصوصی معروف نعت خواں پروفیسر سارہ معین نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ایک کامل ضابطہ حیات اور ہر انسان کیلئے ذریعہ ہدایت ہے، اللہ کے آخری نبی نے دشمنوں کو بھی عفو، درگزر اور اعلیٰ اخلاق سے جیتا، آج کے دور میں ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنی زندگیاں حضور کی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔جان محمد بروہی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گلشن معمار کی پرنسپل نیلم مشتاق نے اسلام میں صلاح رحمی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ کالج علمی، فکری، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو سیرت النبی کے آفاقی پیغام سے روشناس کراتارہے گا۔پرنسپل نیلم مشتاق نے کہا کہ ہمیں اپنے اعمال، اخلاق، عبادات اور معاملات کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا وہ سیرت طیبہ کے مطابق ہیں یا نہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری زندگی کا ہر پہلو حضرت محمد کی سنت اور تعلیمات کا آئینہ دار ہونا چاہیے، اسلام کی سچی، پرامن اور روشن تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی انسانیت کو بے چینی، عدم برداشت اور عدم تحفظ سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔سیرت النبیکانفرنس کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور معاشرے میں امن و سکون کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
فوٹو کیپشن:
مہمان خصوصی معروف نعت خواں پروفیسر سارہ معین سیرت النبیکانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں