لاہور(عمرحیات چوہدری)شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی آپریشن ٹیمیں دن رات متحرک ہیں۔ سموگ کے مضر اثرات کے پیش نظر ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سےشہر بھر میں سڑکوں کی واشنگ اور مکینیکل سویپنگ کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے۔ڈسٹ کنٹرول کرنے کیلئے تمام اہم شاہراہوں پر مکینیکل سویپنگ اور واشنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ہائی ائر کوالٹی انڈیکس والے علاقوں میں وقفے وقفے سے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہاہے۔مال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ، فیروزپور روڈ اور کینال روڈ سمیت شہر کی مرکزی شاہراہوں پر سڑکوں کی واشنگ دونوں شفٹوں میں جاری ہے۔ شملہ پہاڑی، پریس کلب، ایجرٹن روڈ، کشمیر روڈ اور کوئین میری روڈ پر بھی ڈسٹ کنٹرول کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔آزادی چوک، داتا دربار، سرکلر روڈ اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف واشنگ کی جارہی ہے جبکہ پائن ایونیو، اڈا پلاٹ، رائیونڈ روڈ اور خیابانِ فردوسی پر مکینیکل سویپنگ کی جارہی ہے۔سی ای او بابر صاحب دین کی ہدایت پر نائٹ شفٹ میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر واشنگ کا عمل جاری ہے جبکہ لاہور کے تمام ٹاؤنز میں مرحلہ وار سڑکوں کی سکریپنگ اور واشنگ کا عمل جاری رہے گا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا کہنا ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی لاہوریوں کو سموگ فری اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ سموگ کے تدارک کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔


