لاہور ( سدرہ شہزاد) ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)، میجر جنرل عبدالمعید، HI(M)، نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) اسلام آباد کا دورہ کیا اور طلباء و اساتذہ کے لیے منعقدہ انسدادِ منشیات آگاہی سیشن سے خطاب کیا۔

ڈی جی اے این ایف نےاپنے خطاب میں بتایا کہ کس طرح منشیات نوجوانوں اور طلبہ کو نشانہ بنا رہی ہیں، ان کی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، ان کے رویوں پر منفی اثر ڈال رہی ہیں، اور انہیں تعلیم، انفرادی و اجتماعی ترقی اور مستقبل کے اہداف سے دور کر رہی ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ منشیات سے جڑی کسی بھی سرگرمی سے مکمل طور پر گریز کریں اور اپنی زندگی، کیریئر اور خاندان کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت کو سمجھیں۔
ڈی جی اے این ایف نے طلبہ کو آگاہ کیا کہ اے این ایف پاکستان کی وہ فورس ہے جو منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اے این ایف ،ملک کے مختلف زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر ،مسلسل آپریشنز کے ذریعے منشیات کے پھیلاؤ اور بین الاقوامی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید HI(M) نے زور دیا کہ منشیات کے خطرے کا مقابلہ ایک قومی ذمہ داری ہے، اور نوجوانوں، تعلیمی درسگاہوں ، خاندانوں اور مختلف اداروں کو اس اہم قومی مہم میں اے این ایف کا ساتھ دینا ہوگا ۔
سیشن کا اختتام سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جہاں طلبہ نے دلچسپی سے سوالات کیے، اے این ایف کی کوششوں کو سراہا، اور ایک منشیات سے پاک پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سیشن کے اختتام پر پرنسپل نسٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلکٹ سٹڈیز (NIPCONS)، میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے طلباء کی آگاہی کے لئے منعقد کیے جانے والے اس سیشن کے انعقاد پر ڈی جی اے این ایف کا شکریہ ادا کیا اور منشیات کے خلاف اس جنگ میں نسٹ کے طلباء و اساتذہ کے مکمل تعاون کا اعادہ کیا۔