
لاہور (عمرحیات چوہدری) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی زیرِ صدارت لاہور ڈویژن کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن کے انتظامی، تکنیکی اور آپریشنل امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی ایس ریلوے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاف کی ورکنگ کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر ڈیجیٹلائزیشن سے ہم آہنگ بنایا جائے۔ تعمیر و مرمت کے تمام کام اعلیٰ معیار اور مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام کیسز متعلقہ افسران کے ذریعے ہی پروسیس کیے جائیں اور کسی بھی قسم کی بے قاعدگی نہ ہو۔ کوارٹرز کی الاٹمنٹ کے بارے میں ڈی ایس ریلوے نے کہا کہ کوارٹرز کی الاٹمنٹ شفافیت اور میرٹ پر کی جائے۔ ترجیحی لسٹ (Priority List) پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ الاٹمنٹ کی فہرستیں نوٹس بورڈ پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کنڈم کوارٹرز ہرگز الاٹ نہ کیے جائیں جبکہ شدید خستہ حال کوارٹرز کے حوالے سے واضح پالیسی مرتب کی جائے۔
ڈی ایس انعام اللہ نے ہدایت کی کہ ریلوے اراضی پر انکروچمنٹ خالی کروانے کے ساتھ ساتھ ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں ٹرینوں کی پنکچویلٹی (Punctuality)، آمد و رفت، آمدنی، اخراجات، ادائیگیوں اور وصولیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ لاہور ڈویژن کی پنکچویلٹی 92 فیصد ہے جو کہ بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ افسران نے اپنی ورکنگ میں درپیش مسائل اور چیلنجز سے ڈی ایس ریلوے کو آگاہ کیا۔
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے کہا کہ ہم وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ترجیحات اور توقعات کے مطابق ریلوے کے سسٹم کی بہتری اور اثاثہ جات کی سخت نگرانی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے بہتر کارکردگی پر افسران کو شاباش بھی دی۔
اجلاس میں ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر مرضیہ زہرہ، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل سگنل انجینیئرز محمد ندیم خٹک اوراحسان، ڈویژنل پرسنل آفیسر محمد رضا حسین، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینیئرز عبدالرحمان، رانا جواد اور غلام مرتضیٰ، ڈویژنل مکینیکل انجینیئرز عاطف اشفاق، محمد عمران اور طاہر شہزاد، ڈویژنل الیکٹریکل انجینیئر محمد ناصر، ڈویژنل اکاؤنٹس افسر شکور احمد رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل آفیئرز محمد بشارت اعوان اور اسسٹنٹ اکاؤنٹ آفیسر محمد فاروق نے شرکت کی۔