
سیکرٹری لاہوراظہر بلال ، نائب امراء لاہور ملک شاہد اسلم ، انجینئر اخلاق احمد ، خالد احمد بٹ ، وقاص احمد بٹ ، چوہدری محمد شوکت نے اپنی ذمہ داریوں کا حلف لیا۔
لاہور(عمرحیات چوہدری)جماعت اسلامی لاہور کی شوریٰ کا اہم اجلاس سید مودودی اسلامک سنٹرمیں منعقد ہوا جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں تنظیمی امور، آئندہ لائحہ عمل اور جماعت کی کارکردگی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شوریٰ لاہور سے مشاورت کے بعد امیر جماعت اسلامی نے سیشن 2025 تا 2028 کے لیے جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کے تقرر کے اہم فیصلے کیے، جنہیں شوریٰ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔اجلاس کے دوران اظہر بلال کو جماعت اسلامی لاہور کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا جنہوں نے امیر اور شوریٰ کے اراکین کے سامنے اپنی ذمہ داری کا باقاعدہ حلف اٹھایا۔ اسی طرح نائب امراء لاہور ملک شاہد اسلم، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت اور وقاص احمد بٹ نے بطور نائب امیر اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا اور جماعت کی پالیسی، نظم و ضبط اور مشن کے مطابق کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تمام نو منتخب ذمہ داران نے اسلام کی سربلندی، معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور عوامی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد دہرایا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک منظم، جمہوری اور مشاورتی نظام کے تحت آگے بڑھتی ہے، اسی لیے نئی باڈی کے ذمہ داران کا تقرر شوریٰ سے مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داران انتھک محنت، دیانت داری اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور لاہور کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے اجلاس میں بلدیاتی ایکٹ کے خلاف جماعت اسلامی کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے 21 دسمبر کو بھرپور تیاری کے ساتھ لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی اور منصفانہ بلدیاتی نظام کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔