سی ای او عارفین زبیر کی ہدایات پر متعدد علاقوں میں بھرپور کارروائیاں، درجنوں ٹرک سامان ضبط
اڈیالہ روڈ،بکرا منڈی، ٹالی موری، چکلالہ سکیم تھری اور ڈھیری سمیت دیگر علاقوں میں انفورسمنٹ انچارج رانا سرفراز کی سربراہی میں کامیاب آپریشن جاری
تمام آپریشنز کی نگرانی ایڈیشنلز و دیگر افسران کے ذمہ جبکہ رانا سرفراز ٹیم کے ہمراہ فرنٹ لائن پر جسکی وجہ سے عملے کو کسی کے بھی ساتھ نرمی کا موقع ہی نہیں ملتا ، ذرائع
راولپنڈی (نامہ نگار خصوصی) چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارفین زبیر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔ انسدادِ تجاوزات کے انچارج رانا سرفراز کی سربراہی میں اڈیالہ روڈ، بکرا منڈی، ٹالی موری، چکلالہ سکیم تھری اور ڈھیری سمیت مختلف علاقوں میں منظم اور کامیاب آپریشنز جاری ہیں جن میں متعدد سڑکوں، فٹ پاتھوں اور کاروباری گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا رہا ہے۔محکمہ انسدادِ تجاوزات کی ٹیم نے کارروائی کے دوران دکانوں کے باہر رکھے گئے ٹھیلے، ریڑھیاں، غیرقانونی شیڈز اور راہ داریوں میں رکھی گئی رکاوٹیں ہٹا کر کئی ٹرک سامان تحویل میں لے لیا، جسے بعد ازاں کنٹونمنٹ بورڈ کے اسٹور روم منتقل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ سامان وہ افراد عرصہ دراز سے قبضے کی شکل میں عوامی آمد و رفت میں رکاوٹ کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔ذرائع کے مطابق تمام آپریشنز کی نگرانی ایڈیشنل سی ای اوز اور دیگر سینئر افسران خود کر رہے ہیں، جبکہ انچارج رانا سرفراز اپنی ٹیم کے ہمراہ ہر کارروائی کے دوران فرنٹ لائن پر موجود ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی کے باعث عملے کے کسی بھی شخص کو نرمی یا جانب داری کا موقع نہیں ملتا، جس سے کارروائیوں کی شفافیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سی ای او عارفین زبیر نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور آمد و رفت کے راستوں کو محفوظ و کشادہ رکھنا کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ اسی مقصد کے تحت تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز اور مسلسل آپریشن جاری رکھا جائے گا۔اہلیانِ کینٹ نے چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ، سی ای او عارفین زبیر اور انسدادِ تجاوزات ٹیم کو ان بھرپور اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف اس سخت کارروائی کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو صاف، منظم اور آسان ماحول میسر آ سکے۔






















