27

16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے — امیر جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ

لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، یہ دن قوم کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والے دو عظیم سانحات کی یاد دلاتا ہے۔ ایک طرف 1971ء میں ملک کو دو لخت کرنے کا المیہ پیش آیا، جبکہ دوسری جانب 16 دسمبر 2014ء کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں نہتے اور معصوم بچوں کو اسکول کے اندر شہید کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی ہماری قومی تاریخ کا ایسا زخم ہے جو آج بھی تازہ ہے، جس نے ہمیں اتحاد، انصاف اور قومی یکجہتی کی اہمیت کا سبق دیا۔ اسی طرح اے پی ایس کا سانحہ انسانیت پر حملہ تھا، جس میں مستقبل کے معماروں کو بے دردی سے نشانہ بنایا گیا۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 16 دسمبر ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ قومیں صرف نعروں سے نہیں بلکہ عدل، دیانت، مضبوط اداروں اور قومی یکجہتی سے مضبوط ہوتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے دہشت گردی، انتہاپسندی اور ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے شہدائے مشرقی پاکستان اور سانحہ اے پی ایس کے معصوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور پاکستان کو ایک مضبوط، پرامن اور منصفانہ ریاست بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں