
جماعت اسلامی لاہور 21 دسمبر کو پریس کلب کے باہر بلدیاتی ایکٹ کیخلاف دھرنا دیگی ۔
بلدیاتی ایکٹ بالواسطہ انتخاب ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھولتا ہے جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی میں عوامی مسائل و مشکلات کا حل عوامی اُمنگوں کے مطابق ممکن نہیں۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا 21 دسمبر کو پریس کلب کے باہر دھرنا کی تیاریوں کے حوالے سے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب
لاہور:جماعت اسلامی لاہور کے ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس مودودی اسلامک سنٹر لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں پنجاب بلدیاتی ایکٹ کے خلاف 21 دسمبر 2025ءکو پریس کلب لاہور کے باہر ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ضلعی ذمہ داران نے دھرنے کی تیاریوں کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی لاہور کو اپنی رپورٹس پیش کیں، جبکہ دھرنے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے جامع مشاورت کی گئی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور نے ہدایت کی کہ ہر ضلع اور تمام زونز سے بھرپور افرادی قوت کو دھرنے میں شامل کیا جائے تاکہ عوامی حقوق کے اس احتجاج کو مؤثر اور بھرپور بنایا جا سکے۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء ملک شاہد اسلم، انجینئر اخلاق احمد، چوہدری محمد شوکت، خالد احمد بٹ شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری عبدالعزیز عابد، عامر نثار خان، عبدالحفیظ اعوان سمیت امراء اضلاع اور سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پنجاب بلدیاتی ایکٹ غیر جمہوری اور عوام دشمن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین، وائس چیئرمین اور مخصوص نشستوں پر انتخابات بالواسطہ کے بجائے براہِ راست عوام کے ووٹوں کے ذریعےکرائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بالواسطہ انتخاب ہارس ٹریڈنگ کا راستہ کھولتا ہے جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں ن لیگ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کا طرزِ عمل ایک جیسا ہے۔ لوکل گورنمنٹ کا ادارہ جمہوریت کی پہلی سیڑھی ہے اور بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی میں عوامی مسائل و مشکلات کا حل عوامی اُمنگوں کے مطابق ممکن نہیں۔ مخصوص نشستوں پر بالواسطہ انتخاب کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد عوامی مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے ہے، اور اس جدوجہد کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔