
بلدیاتی ایکٹ 2025ء میں عوامی مفاد کی دشمن شقوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہیگی۔
حکومت سینیٹ اور اسمبلیوں کی طرح یونین کونسل کی سطح پر بھی ہارس ٹریڈنگ کی منڈیاں لگانا چاہتی ہے۔
امیرجماعت اسلامی لاہورضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ کاکنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشنز کے حوالے سے کینٹ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس خطاب
لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کو بلدیاتی الیکشن سے راہِ فرار اختیار نہیں کرنے دی جائے گی اور بلدیاتی ایکٹ 2025ءمیں شامل عوامی مفاد کے خلاف شقوں کے خاتمے تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مضبوط، بااختیار اور شفاف بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے پائیدار حل کی ضمانت ہے، جس کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشنز کے حوالے سے کینٹ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتےہوئےکیا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور لاہور خالد احمد بٹ اور چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ کی خصوصی شرکت ۔ امیر شرقی لاہور میاں خبیب نذیر ، نائب امیر شرقی لاہور زبیر صدیقی، عمران شریف اور زونل ذمہ داران سمیت کنٹونمنٹ بورڈز کی سیاسی کمیٹی کے ارکان موجود تھے ۔ ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے بجائے اختیارات کو مرکزیت دینے کی پالیسی پر گامزن ہے، جو جمہوری اصولوں کے سراسر منافی ہے۔ حکومت سینیٹ اور اسمبلیوں کی طرز پر یونین کونسل کی سطح پر بھی ہارس ٹریڈنگ کی منڈیا ں لگانا چاہتی ہے، جس سے عوام کے حقیقی نمائندوں کا راستہ روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقِ حکمرانی اور نچلی سطح پر جمہوریت کے فروغ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی خودمختاری دیے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔شرکاءاجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی نظام کے تحفظ، شفاف انتخابات کے انعقاد اور عوام دشمن قوانین کے خلاف جدوجہد کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کے حوالے سے سیاسی و عوامی سطح پر رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔

