
دو ٹرینوں میں 318 بغیر ٹکٹ مسافروں کو جرمانہ کیا گیا۔
بغیر ٹکٹ مسافروں سے موقع پر کرایہ و جرمانہ کی مد میں1 لاکھ 28 ہزار 50 روپے وصول کیے گئے۔
شاہدرہ اور نارنگ ریلوے اسٹیشنوں پر اسٹالز کو بھی جرمانے کیے گئے۔
لاہور (پریس ریلیز) ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے عبداللہ ارشد کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کی ہدایت پر مسلسل ٹرینوں پر چھاپے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے سیالکوٹ جانے والی لاثانی ایکسپریس پر شاہدرہ سے نارنگ کے درمیان 217 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں 85 ہزار 980 روپے جبکہ نارووال سے لاہور آنے والی نارووال پسنجر ٹرین میں نارنگ سے لاہور تک 101 بغیر ٹکٹ مسافروں سے کرایہ و جرمانہ کی مد میں 42 ہزار 70 روپے وصول کیے گئے جو کہ قومی خزانے میں جمع کروادیئے گئے۔
اس کارروائی میں کمرشل انسپیکٹرز فیصل نزیر اور محمد اکبر گجر، کلیم انسپیکٹر محمد عمر حامد کے علاوہ اسپیشل ٹکٹ چیکنگ گروپ بھی ڈی سی او ریلوے کے ہمراہ تھا۔
ڈی سی او ریلوے نے ٹرین کی مختلف کوچوں کے معائنے کے دوران صفائی ستھرائی اور مسافروں کو ٹرین میں دستیاب سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ ڈی سی او ریلوے کی جانب سے متعلقہ اسٹاف کو بہتر سہولیات کے حوالے سے ہدایات بھی دیں گئیں۔
اس موقع پر ڈی سی او ریلوے عبداللہ ارشد کا کہنا تھا کہ ٹرینوں میں باقاعدہ اور سخت چیکنگ کا عمل جاری رہے گا اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا تاکہ بغیر ٹکٹ مسافروں کی حوصلہ شکنی ہو۔
علاوہ ازیں ڈی سی او ریلوے نے شاہدرہ ریلوے اسٹیشن پر وینڈنگ اسٹالز پر صفائی ستھرائی سمیت اشیاء کا معیار چیک کیا۔ اسٹالز پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور غیر منظور شدہ اشیاء کی فروخت پر ایک ہزار روپیہ جرمانہ کیا گیا۔ نارنگ ریلوے اسٹیشن پر بھی وینڈنگ اسٹالز پر صفائی ستھرائی اور اشیاء کے معیار کا معائنہ کیا۔ غیر تسلی بخش صفائی سمیت دیگر خلاف ورزیوں کی بناہ پر ڈی سی او ریلوے نے دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔