
لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں اہل، دیانتدار اور باصلاحیت امیدواران لاہور کے عوام کو فراہم کرے گیا اور پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ میں شامل عوام دشمن شقوں کے خلاف 15 جنوری 2026 سے عوامی ریفرنڈم کا آغاز کریں گے۔ اس ریفرنڈم میں مرد و خواتین، بوڑھے، جوان، طلبہ، مزدور اور کسان اس بلدیاتی کالے ایکٹ کے خلاف اپنی رائے پیش کریں گے۔ جماعت اسلامی اس عوامی ریفرنڈم کے ذریعے حکومت کے کالے قانون کے خلاف شعور و آگاہی بھی پھیلائے گی تاکہ عوام اپنے حقوق کے لیے متحد ہوں۔ ا ن خیالات کااظہار انہوں نے لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے مختلف وارڈز اور زونز میں تنظیمی اجلاسز سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اجلاسوں میں نائب امیر لاہور خالد احمد بٹ، امیر ضلع شرقی میاں خبیب نذیر، نائب امیر ضلع شرقی زبیر صدیقی، زونل امیر قمر شبیر، صدر زونل سیاسی کونسل میجر (ر) افتخار اعوان اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔اجلاسوں میں مختلف وارڈز کے انتخابی امور، امیدواروں کی قابلیت، اور عوامی رابطے کے طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاسوں میں عوامی رابطے اور انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط منصوبہ بندی کی گئی ۔ اس موقع پر امیر لاہور نے مقامی قیادت کوعوام کے مسائل، نمائندگی اور شفاف انتخاب کے حق کو ہر سطح پر یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل رہنے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔