32

پاکستان ریلوے کا ایک اور احسن اقدام: اپگریڈڈ نارووال پسنجر ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے دیگر افسران کے ہمراہ ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

لاہور (عمرحیات چوہدری) مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پاکستان ریلوے کا ایک اور احسن اقدام، اپگریڈڈ نارووال پسنجر ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا. تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں اپگریڈڈ نارووال ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ نے دیگر افسران کے ہمراہ ٹرین کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان ریلوے کی مزید ترقی اور کامیابی کے لیے دعائے خیر بھی کی گئی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر ٹرین کو رنگ برنگی لڑیوں سے منفرد اور خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔ ڈی ایس ریلوے نے اپگریڈڈ ٹرین کی مختلف کوچوں کا معائنہ کیا اور دورانِ معائنہ مسافروں سے فراہم کی گئی سہولیات کے حوالے سے دریافت بھی کیا۔

لاہور ریلوے اسٹیشن سے نارووال پیسنجر ٹرین بروقت صبح 7 بجکر 15 منٹ پر روانہ ہوئی جو بادامی باغ، شاہدرہ باغ، کالا خطائی، نارنگ، میتھہ سوجا، بدوملی، رعیہ خاص اور پیجووالی اسٹیشنوں پر رکتی ہوئی صبح 10 بجکر 5 منٹ پر نارووال پہنچے گی۔ اسی طرح نارووال سے یہ ٹرین شام 5 بجے روانہ ہو کر پیجووالی، رعیہ خاص، بدوملی، میتھہ سوجا، نارنگ، کالا خطائی، شاہدرہ باغ اور بادامی باغ اسٹیشنوں پر رکتی ہوئی رات 7 بجکر 40 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ مسافروں کی سہولت کے پیش نظر لاہور سے نارووال تک سفر کا دورانیہ 2 گھنٹے 40 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔

اپگریڈڈ نارووال پیسنجر ٹرین کو بہترین صفائی ستھرائی، معیاری لائٹنگ اور دیگر آرام دہ سفری سہولیات سے مزین کیا گیا ہے جبکہ اس ٹرین میں 10 خوبصورت مسافر کوچز شامل کی گئی ہیں۔ افتتاح کے موقع پر مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

اس موقع پر ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے کہا کہ اپگریڈڈ نارووال پیسنجر ٹرین نارووال کی عوام کے لیے وفاقی وزیر ریلوے کا تحفہ ہے اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کے ویژن کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

افتتاحی تقریب میں ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرا، ڈویژنل کمرشل آفیسر عبداللہ ارشد، ڈویژنل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سمیرا رانا، ڈویژنل مکینیکل انجینئرز عاطف اشفاق اور محمد عمران، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عبدالرحمان اور اسٹیشن مینجر ظفر اقبال بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں