لاہور انتظامیہ پبلک انسپورٹ کے کرایوں او راشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں میں کمی نہیں کرواسکی۔
پیٹرول سستا، ٹرانسپورٹ مہنگی جبکہ عوام اور ڈرائیور آمنے سامنے، حکومت خاموش کا کردار ادا کررہی ہے ۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کاپٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا مطالبہ
لاہور (عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود اس کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہو سکے، جو حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور انتظامیہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کروانے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں میں کمی اور مہنگائی پر کنٹرول کے دعوے زمینی حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں لوکل ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہونے کے باعث مسافروں اور ڈرائیورز کے درمیان تلخ کلامی، جھگڑے اور گالی گلوچ کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں کمی نہ ہونا متعلقہ اداروں کی نااہلی اور غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت کی جانب سے ایندھن سستا ہونے کے باوجود کرایہ ناموں پر نظرثانی نہ کرنا انتظامی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹرز من مانی وصولیوں میں مصروف ہیں اور نگرانی کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب پیٹرول کی قیمتوں میں معمولی سا اضافہ بھی ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیتے ہیں، لیکن قیمتوں میں کمی کی صورت میں کوئی ریلیف نہیں دیا جاتا۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے غفلت کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عملی کمی کو یقینی بنائے۔
