عالمی برادری خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے والے عناصر کا محاسبہ کرے:میڈیاسے گفتگو
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر)پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا ہے کہ خوشحال ،خودمختار، باوقار، محفوظ پاکستان اور دہشت گردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے افواج پاکستان کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی لازوال اور بے مثال قربانیوں پر شہیدوں کو خراج عقیدت اور غازیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ پاکستان مائنارٹیز موومنٹ دہشت گردی کوغیر اسلامی، غیر انسانی اور ریاست مخالف عمل قرار دیتی اور پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان کے پیغام” دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف عسکری نہیں بلکہ قومی جدوجہد ہے جس کیلئے عوامی یکجہتی، نظریاتی شعور اور اجتماعی ذمہ داری ناگزیر ہے‘ ‘ کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہوئے کرسچن کمیونٹی اس قومی ذمہ داری میں پوری طرح ریاست اور پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح طور پر اس امر کی نشاندہی کی کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین اور افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے، 2021 کے بعد افغانستان میں پیدا ہونے والی صورتحال کے نتیجے میں دہشت گرد گروہوں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع ملا، جس کے اثرات پاکستان براہِ راست جھیل رہا ہے ،افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف غیر معمولی اقدامات کیے ہیں ملک بھر میں 75 ہزار سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا انعقاد ریاستی اداروں کے عزم اور قربانیوں کی واضح مثال ہے، نیشنل ایکشن پلان کی بحالی اور آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیوں کا یکجا ہونا پاکستان کے پائیدار امن کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گرد وں کے ٹھکانوں کا قیام، غیر ملکی جنگجوو ¿ں کی آمد، جدید اسلحے کی ترسیل، چھوڑا گیا امریکی فوجی سازوسامان اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا پاکستان کی اقلیتیں بھی اتنا ہی شکار ہیں جتنی ملک کی اکثریتی آبادی ہیں پاکستان مائنارٹیز موومنٹ عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور حقائق کو غیر جانبداری سے دیکھیں اور ان عناصر کا محاسبہ کریں جو خطے میں دہشت گردی کو فروغ دے رہے ہیں۔
