اسلام آباد (نامہ نگار): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تمام رہائشی اور کمرشل پراپرٹیز میں آگ بجھانے اور ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی سروے کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں تمام نجی اور سرکاری، رہائشی و کمرشل عمارات کے مالکان کو نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ انسپیکشن کا باقاعدہ عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ آگ لگنے یا شارٹ سرکٹ کی صورت میں فوری انخلا کو یقینی بنانے کے لیے ہر رہائشی اور کمرشل عمارت میں ایمرجنسی ایگزٹ کا ہونا لازمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی عمارات میں ایمرجنسی ایگزٹس عمارت مالکان ایمرجنسی ایگزٹ کنسلٹنٹس کے ذریعے تیار کروائیں گے جبکہ سرکاری عمارات میں یہ انتظامات سی ڈی اے کی مشاورت سے مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام نجی و سرکاری عمارات کا سروے مکمل کرکے ایک ماہ کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ جن عمارات کو حساس قرار دیا جائے گا ان کی خصوصی ایویلیوایشن بھی کروائی جائے گی۔
اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایات پر بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو فوری طور پر حساس عمارات کا سروے مکمل کرکے اپنی رپورٹس متعلقہ افسران کو پیش کریں گی۔ ان اقدامات کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے، بالخصوص آگ لگنے کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
4