اسلام آباد (نامہ نگار): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 میں پیش آنے والے گیس سلنڈر دھماکے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا۔
بعد ازاں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کے ہمراہ پمز ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر G-7/2 میں ایک رہائشی مکان میں صبح 7 بج کر 24 منٹ پر گیس سلنڈر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں گیس سلنڈرز کے غیر محتاط استعمال کے باعث ایسے افسوسناک حادثات رونما ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کی جائے گی جبکہ واقعے کی شفاف انکوائری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز نے فوری طور پر ایمرجنسی آپریشن شروع کیا اور محض پانچ منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ کر ریسکیو اور طبی امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ایمرجنسی سروسز کی جانب سے فائر فائٹنگ، ریسکیو اور میڈیکل یونٹس کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں 45 فائر، میڈیکل اور ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ 10 ایمبولینسز اور ایک ریسکیو وہیکل بھی آپریشن میں شامل تھیں۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گیس سلنڈرز اور دیگر گیس آلات کے استعمال میں انتہائی احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

