36

پی پی-167 میں بلا مقابلہ کامیابی غیر جمہوری اور غیر آئینی، جماعت اسلامی نے آر او کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن پنجاب کے آفس چیلنج کر دیا۔

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری نے پنجاب الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی-167 میں مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے اور اسے مسترد کیا کرتے ہیں آج اس متنازعہ نوٹیفیکیشن کو قانونی طور پر الیکشن کمیشن پنجاب کے دفتر میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری عبدالقیوم گجر،سیکرٹری جنرل اظہر بلال ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہورعبدالعزیز عابد ، قیصر شریف ، صدر پبلک ایڈ کمیٹی وقاص احمد بٹ ، امیر ضلع لاہور جنوبی عبد الرشید مرزا سمیت کارکنا ن نے بھی موجود تھے ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جماعت اسلامی اور دیگر امیدواران کو زبردستی روکا، اور ہمارے امیدوار اور وکیل کو اغواء کیا گیا جو کھلی دھاندلی ہے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس فسطائی رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پی پی-167 کے ضمنی انتخابات میں یہ جانبدارانہ اور متنازعہ عمل قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے اور آر او کی فوری تبدیلی کے بعد پی پی-167 کے ضمنی انتخابات کے لیے نیا شیڈول جاری کیا جائے۔ جماعت اسلامی میدان میں موجود ہے اور ہر طرح کی فسطائیت اور آمریت کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ دیا جائے اور عوام کو پی پی-167 میں رائے دہی کا بہترین ماحول فراہم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں