قوانین اپنائیں-محفوظ ٹرین آپریشن یقینی بنائیں۔ ڈی ایس ریلوے انعام اللہ
لاہور (پریس ریلیز) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایات کے مطابق شدید دھند کے دوران ڈرائیورز، ٹرین گارڑز اور ٹرین آپریشن سے منسلک ملازمین کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے اضافی چوکس رہیں۔ ڈرائیورز ٹرین چلاتے وقت انجن کی ہیڈ لائٹس آن حالت میں رکھیں اور گنجان آباد علاقوں نیز لیول کراسنگ گیٹس کے قریب پہنچتے وقت ضروری ہارن کا استعمال یقینی بنائیں۔ دورانِ سفر راستے کی تمام پابندیوں پر بھی مکمل عمل کیا جائے۔ ٹرین ہر لحاظ سے مکمل اور فِٹ ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے اسٹیشن ماسٹرز کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ٹرین آپریشن کے دوران ٹرین کے اسٹیشن کی حدود میں داخلے اور روانگی کے وقت تمام بنیادی اصولوں کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ محفوظ ٹرین آپریشن کے لیے قوانین کی پابندی اور احتیاط ناگزیر ہے، کیونکہ یہی محفوظ ٹرین آپریشن کی ضمانت ہے۔ واضح رہے کہ اس ضمن میں ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کی ہدایت پر ڈویژنل ٹرانسپورٹیشن آفیسر سیدہ مرضیہ زہرہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔