بلدیاتی ایکٹ عوام دشمن ہے اور اس کے خلاف جدوجہد کو مزید منظم اور تیز کیا جائے گا۔
حکومت کوکالے بلدیاتی قانون کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کی منڈی قائم نہیں لگانے دیں گے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا ڈسٹرکٹ لاہور کے ذمہ داران سے اجلاس
لاہور (عمرحیات چوہدری)جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران کا ایک اہم اجلاس سید مودودی اسلامک سنٹر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں چار روزہ عوامی ریفرنڈم کی کامیابی پر ذمہ داران کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ لاہور بھر میں 1400 پولنگ کیمپس کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور اظہر بلال، نائب امراء لاہور انجینئر اخلاق احمد، ملک شاہد اسلم، خالد احمد بٹ، وقاص احمد بٹ اور چوہدری محمد شوکت سمیت ڈپٹی سیکرٹریز، اضلاع کے امراء و سیکرٹریز، مختلف شعبہ جات کے صدور، سیکرٹریز اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت کوکالے بلدیاتی قانون کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کی منڈی قائم نہیں لگانے دیں گے۔ بلدیاتی ایکٹ عوام دشمن ہے اور اس کے خلاف جدوجہد کو مزید منظم اور تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام دشمن بلدیاتی شقوں کے مکمل خاتمے تک جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور میٹرو پولیٹن سٹی کو ٹاؤنز میں تقسیم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس بندش اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی معاشی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے ٹریفک کے مسائل اور مہنگے چالانوں کو بھی عوام دشمن اقدامات قرار دیا۔انہوں نے ذمہ داران کو امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر بڑے احتجاج کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو پنجاب اسمبلی یا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
