2

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کا مشترکہ آپریشن، غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ

ریڑیاں اور غیر قانونی کاؤنٹرز ہٹا دیے گئے، سڑک مکمل طور پر کلیئر،ماربل فیکٹری ایریا میں بھی تجاوزات کے خلاف مؤثر آپریشن، غیر قانونی سامان ضبط

راولپنڈی (مدثر الیاس کیانی ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کی واضح ہدایات پر آج راولپنڈی کے اہم علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مشترکہ انفورسمنٹ آپریشن کیا گیا۔ یہ آپریشن چکری روڈ، دھمیال روڈ، 22 نمبر سے ظفر پلازہ تک جاری رہا، جس کا مقصد سڑکوں کو غیر قانونی قبضوں سے پاک کرنا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا تھا۔آپریشن کی قیادت راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے انفورسمنٹ انچارج عمر خان اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انفورسمنٹ انچارج محمد اخلاق نے کی، جبکہ دونوں کنٹونمنٹ بورڈز کا متعلقہ انفورسمنٹ عملہ بھی موقع پر موجود رہا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے غیر قانونی تجاوزات میں اضافہ دیکھا جا رہا تھا، جس میں سبزی، فروٹ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی ریڑیاں اور عارضی کاؤنٹرز شامل تھے۔ ان تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی اور پیدل چلنے والے شہری بھی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے۔
آپریشن کے دوران تمام غیر قانونی ریڑیاں، عارضی کاؤنٹرز اور تجاوزات ہٹا دی گئیں اور سڑکیں مکمل طور پر عوام کے لیے بحال کر دی گئیں۔ تجاوزات میں استعمال ہونے والا غیر قانونی سامان بھی موقع پر ضبط کر لیا گیا۔اسی طرح ماربل فیکٹری ایریا میں بھی مؤثر انفورسمنٹ کارروائی کی گئی، جہاں غیر قانونی قبضے ختم کیے گئے اور تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان تحویل میں لے لیا گیا، تاکہ دوبارہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہ دی جائے۔کنٹونمنٹ بورڈز کے سی ای اوز نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ،کہ “ہم شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے اور سڑکوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔ غیر قانونی قبضے اور تجاوزات کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، اور آئندہ بھی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔” راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او نے مزید کہا کہ چکری روڈ اور دھمیال روڈ میں غیر قانونی ریڑیوں اور عارضی کاؤنٹرز کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ ان تجاوزات کے فوری خاتمے کے لیے انفورسمنٹ ٹیموں کو ہدایات دی گئی تھیں کہ کارروائی مؤثر اور بلا امتیاز ہو۔چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای او نے کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ساتھ باہمی تعاون کے تحت یہ جوائنٹ آپریشن کامیابی سے مکمل ہوا۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سڑکیں مستقل بنیادوں پر تجاوزات سے پاک رہیں اور شہریوں کو سہولت میسر ہو۔دونوں سی ای اوز نے کہا کہ مستقبل میں بھی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور کسی کو بھی عوامی مقامات یا سڑکوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔علاقہ مکینوں اور شہریوں نے راولپنڈی اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈز کی اس بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی عوامی سہولت کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔اس آپریشن سے نہ صرف ٹریفک کے مسائل میں واضح کمی آئی ہے بلکہ سڑکیں بھی کشادہ ہو گئی ہیں، جس سے روزمرہ آمدورفت میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ کنٹونمنٹ انتظامیہ مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی مفاد میں اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں