ڈمپر حادثات کی روک تھام کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات ناگریز ہیں ۔
ڈمپر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین انصاف کیلئے دفتر جماعت اسلامی لاہور پہنچ گئے۔
امیر لاہور کی لواحقین کو آئین و قانون کے مطابق ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی ۔
لاہور ( عمرحیات چوہدری) 23 جنوری 2025ء کو پیش آنے والے المناک ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہونے والے مظہر اور عباس کے لواحقین انصاف کی فراہمی کیلئے دفتر جماعت اسلامی لاہور پہنچ گئے۔ لواحقین نے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ سے ملاقات کی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپیل کی۔اس موقع پر کنوینئر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی لاہور قیصر شریف بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مظہر اور عباس کے لواحقین کو آئین و قانون کے مطابق ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔تھانہ اسلام پورہ میں ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں، جو نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ لواحقین نے بھی پولیس پر ملزمان کی گرفتاری میں غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سال 2025 کے دوران لاہور میں ڈمپر حادثات کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ باغبانپورہ میں تیز رفتار ڈمپر کے حادثے میں رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو کچلے جانے سے 5 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 10 اور 12 سال کی دو معصوم بچیاں بھی شامل تھیں۔ اسی طرح ڈیفنس فیز سی میں بے قابو ڈمپر کی ٹکر سے 3 موٹر سائیکل سوار جبکہ ایل ڈی اے ایونیو چوہنگ میں ڈمپر کے رکشے پر الٹنے سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے کہا کہ ڈمپر حادثات کے متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈمپر ڈرائیورز کے ڈوپ ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جائے کیونکہ نشے کی حالت میں ڈمپر چلانا ان حادثات کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مظہر اور عباس کے قاتل ڈمپر ڈرائیورز کو فوری گرفتار کیا جائے اور تھانہ اسلام پورہ پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے بلا تاخیر مؤثر اقدامات کرے، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
