حکومت سولر صارفین کو 40 سے زائد کا یونٹ دیگی اور11 روپے فی یونٹ خریدے گی۔
حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی یکساں ریٹ کیساتھ شفاف اور مستحکم بنایا جائے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی حکومت کی نیٹ میٹرنگ پالیسی پر سخت مذمت
لاہور(عمرحیات چوہدری)امیر جماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے حکومت کی جانب سے سولر سسٹمز پر نیٹ میٹرنگ پالیسی کے خاتمے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا نیٹ میٹرنگ پالیسی کا خاتمہ عوام دشمن فیصلہ ، واپس لیا جائے ۔ نیٹ میٹرنگ میں مجوزہ کمی اور نئی پالیسی سولرصارفین کی حوصلہ شکنی ہے ۔حکومت سولر صارفین کو 40 سے زائد کا یونٹ دیگی اور11 روپے فی یونٹ خریدے گی جو عوام کی کیساتھ ظلم کے مترادف ہے ۔ یہ اقدامات نہ صرف سولر صارفین کیلئے مالی نقصان کا سبب بنیں گے بلکہ ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے اہداف کو بھی متاثر کریں گے۔ضیاء الدین انصاری نے مزید کہا کہ عوام نے مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ کے مسائل کے پیشِ نظر لاکھوں روپے خرچ کر کے سولر سسٹمز نصب کیے ہیں، اور اب حکومتی یکطرفہ فیصلے عوام دشمنی کے مترادف ہے ۔امیر جماعت اسلامی لاہور نے حکومت پر زور دیا کہ عوام دشمن پالیسیوں سے گریز کرے نیٹ میٹرنگ یکساں ریٹ کیساتھ لاگو کرے۔ انہوں نے کہا کہ سولر پالیسی پر حکومتی فیصلے عوام کیساتھ کیساتھ نہ صرف سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور کریں گے بلکہ توانائی کے بحران کے حل میں رکاوٹ بھی بنیں گے ۔ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ دنیا بھر میں قابلِ تجدید توانائی کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، لیکن پاکستان میں ایسے اقدامات تشویش ناک ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی کو شفاف اور مستحکم بنایا جائے تاکہ سولر صارفین اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور ملک میں گرین انرجی کے فروغ کے اہداف حاصل ہو سکیں۔
