اسلام ہمیں ویلنٹائن ڈے جیسی کسی خرافات منانےکی اجازت نہیں دیتا ۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصار ی ایڈووکیٹ کا ویلنٹائن ڈے کے حوالےسے بیان

لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ویلنٹائن ڈے ہماری مذہبی، سماجی اور خاندانی اقدار سے متصادم ہے اور اسے فروغ دینا معاشرتی بگاڑ کا سبب بن رہا ہے ۔ویلنٹائن ڈے فحاشی اور بے حیائی کا دوسرا نام ہے۔ 14 فروری کو حکومتی سطح پر “یومِ حیا” کے طور پر منایا جانا چاہیے تاکہ معاشرے میں حیا، عفت اور خاندانی نظام کے تحفظ کو فروغ دیا جا سکے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو مرد و زن کے تعلقات کو نکاح کے پاکیزہ رشتے میں منسلک کرتا ہے اور معاشرے میں بے حیائی و عریانی کی ہر شکل کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جہاں آئین اور دینی اقدار کے مطابق معاشرتی رویوں کی تشکیل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ چند حلقے مغربی تہذیب کی تقلید میں ایسے ایام کو فروغ دے رہے ہیں جو نوجوان نسل کے اخلاقی و سماجی ڈھانچے پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں، دفاتر اور سماجی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ 14 فروری کو حیا اور خاندانی نظام کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے تقریبات، سیمینارز اور آگاہی پروگرام منعقد کریں۔ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ اسلام عورت کو عزت، تکریم اور حقِ عصمت عطا کرتا ہے اور مردوں کو بھی اس کے تحفظ کا پابند بناتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایک مضبوط اور مستحکم خاندانی نظام ہی معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ویلنٹائن ڈے کی تشہیر اور اس سے منسلک سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور معاشرے میں مثبت، اخلاقی اور دینی اقدار کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔