گراں فروشی روکنے میں انتظامیہ او رمتعلقہ ادارے ناکام، عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے۔
امیرجماعت اسلامی لاہورضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی ہوشربا مہنگائی اور گراں فروشی کی شدید الفاظ میں مذمت

لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور گراں فروشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا حالیہ طوفان حکومتی دعوؤں کی کھلی نفی ہے۔ پرائس کنٹرول کے نام پر قائم کمیٹیاں ، فورس اور متعلقہ ادارے مارکیٹوں میں نرخوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جس کا خمیازہ عام آدمی کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے رمضان بازاروں اور ریلیف اقدامات کے بلند و بانگ دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ پنجاب کے عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث شدید مشکلات اور فاقوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ ہیلپ لائن اور گھروں تک راشن کی فراہمی کے سوشل میڈیا اور بیانات تک محدود ہے ۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ حکومت نمائشی اقدامات کے بجائے عملی اور فوری اقدامات کرے۔ رمضان بازاروں میں گراں فروشی کا سختی سے خاتمہ کیا جائے، سستا آٹا، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ پر حقیقی سبسڈی دی جائے، گھی، چاول اور مرغی کے گوشت سمیت بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو عوامی اضطراب میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔