امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ، لیاقت بلوچ ، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ ، ملک شاہد اسلم کا تقریب سے خطاب
لاہور(عمرحیات چوہدری)جماعت اسلامی پاکستان زون 161 کے زیرِ اہتمام لاہور میں ایک پروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی و مقامی قیادت، کارکنان اور معززینِ شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ماہِ رمضان اللہ تعالیٰ کی جانب سے رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جو انسان کو تقویٰ، احتساب اور اصلاحِ نفس کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کے نظام میں ہی عدل و انصاف اور مساوی مواقع کی ضمانت موجود ہے۔ اگر ملک میں حقیقی معنوں میں قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو جائے تو کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا اور نہ ہی کسی کا حق مارا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی بحران، مہنگی بجلی، آئی پی پیز کو خطیر ادائیگیاں اور بڑھتی ہوئی غربت اس امر کی متقاضی ہیں کہ موجودہ نظام کو تبدیل کر کے عوام دوست اور شفاف نظام نافذ کیا جائے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر اہم فیصلے کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائشی منصوبوں سے عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ نظام کی جامع اصلاح ہی قومی نجات کا راستہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ لاہور آج بھی بنیادی شہری مسائل اور صفائی کے بحران کا شکار ہے۔ چند سڑکوں کی تعمیر کو ترقی کا نام دینا عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ نائب امیر لاہور خالد احمد بٹ، امیر جنوبی لاہور عبدالرشید راز، ڈپٹی سیکرٹری عامر نثار خان، فرحان شوکت اور دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔ افطار ڈنر کے انتظامات علی شیر زاہد اور طارق محمود الحسن نے انجام دیے جبکہ مسعود خان، طاہر مختار بٹ، عرفان طارق جاوید، محمد انور بھٹی، نوید بابو، سید برہان احمد، ڈاکٹر نجیف اللہ، عتیق الرحمن عامر، امجد حسین فدا اور ڈاکٹر مقصود احمد سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

