ریلوے پریم یونین کے زیرِ اہتمام شاندار افطار ڈنر: مرکزی چیئرمین ریلوے پریم ییونین پاکستان ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کا خطاب
لاہور: ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے زیرِ اہتمام ریلوے ملازمین کے اعزاز میں ایک پروقار افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت مرکزی چیئرمین ریلوے پریم یونین پاکستان و امیر جماعت اسلامی لاہور، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی۔ تقریب میں مرکزی صدر ریلوے پریم یونین اوپن لائن شیخ محمد انور سمیت ریلوے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے ریلوے برادری کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کا بھرپور اظہار ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے رمضان المبارک کی روحانی اہمیت اور مسلمانوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ “رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہمیں اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ جس جذبے اور یکسوئی کے ساتھ ہم نے اس ماہ میں عبادات کیں، اسے پورا سال برقرار رکھیں، نماز کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنی زندگیوں کو احکاماتِ الٰہی کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ جن افراد کو اللہ تعالیٰ نے رزق کی فراوانی سے نوازا ہے، وہ حج، زکوٰۃ اور قربانی جیسے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں اور خلقِ خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ ضیاء الدین انصاری نے عید الفطر کے حوالے سے شرکاء سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “عید کی حقیقی خوشی تب ہی حاصل ہوتی ہے جب ہم اپنے غریب رشتہ داروں، یتیموں اور مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں برابر کا شریک کریں۔ مرکزی چیئرمین نے اس کامیاب اور شاندار افطار ڈنر کے انعقاد پر مرکزی صدر شیخ محمد انور اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور ریلوے ملازمین کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

