6

جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں پاک ایران یکجہتی اجتماع: اُمتِ مسلمہ کے اتحاد و بیداری پر زور

سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس، اور سید جواد نقوی کا خطاب

لاہور (عمرحیات چوہدری) چہلم شہید رہبرِ معظم انقلابِ اسلامی سید علی خامنہ ای کے موقع پر جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں عظیم الشان “پاک ایران یکجہتی اجتماع” منعقد ہوا، جس کی صدارت سربراہ تحریک بیداری اُمتِ مصطفیٰؐ علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ قومی اجتماع میں شیعہ و سنی مرد و خواتین، تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام، دانشوران، صحافی اور مختلف طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس، سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور سید جواد نقوی نے خطاب کیا ۔تقریب میں صدر شیعہ علماء کونسل پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی، صدر وفاق المدارس الشیعہ پاکستان علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، چیئرمین اُمتِ واحدہ علامہ محمد امین شہیدی، صدر نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر آصف اکبر، اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا انسانیت کے لیے ایک زندہ درسگاہ ہے جو ہر دور میں حق، صبر اور استقامت کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف جدوجہد کسی ایک مسلک تک محدود نہیں بلکہ یہ حق اور باطل کی واضح جنگ ہے، جس میں اصل طاقت ایمان، قربانی اور اتحاد ہے۔ غزہ اور دیگر مظلوم خطوں میں کھڑا ہونا ہی اصل ایمان کا تقاضا ہے۔ خاموشی اور بے عملی کا وقت گزر چکا ہے، اب امت کے لیے لازم ہے کہ وہ ظلم کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرے اور اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں اُمتِ مسلمہ میں بیداری، اتحاد اور مظلومین کے ساتھ عملی اظہارِ یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کے خلاف پیدا ہونے والی عوامی نفرت کو اندرونی اختلافات یا مقامی سیاسی تنازعات کی طرف موڑنا ایک سنگین فکری غلطی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جدوجہد کا ہدف صرف جنگ بندی نہیں بلکہ ظلم کے نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے، اور اسی مقصد کے ساتھ ملت پاکستان اپنی فکری و عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آزادی آسان راستہ نہیں، یہ قربانی اور جدوجہد کا نام ہے اور حق کبھی خوف کے سامنے نہیں جھکتا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق اور باطل کی جدوجہد کی واضح مثال ہے جو آج بھی جاری ہے۔ امت کی اصل طاقت اتحاد میں ہے اور شیعہ سنی وحدت ہی ظلم کے خلاف مؤثر قوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں