لاہور (عمر حیات چوہدری) جماعت اسلامی لاہور کی پبلک ایڈ کمیٹی کے کنوینر قیصر شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز وَن میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ غیر معیاری کاموں پررائٹ ٹو انفارمیشنقانون کے تحت ایڈمنسٹریٹر و ڈپٹی کمشنر لاہور، رسید موسی بخاری سے تفصیلی ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔قیصر شریف کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ واسا، ایم سی ایل اور دیگر اداروں کی زیر نگرانی یونین کونسل سطح پر جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔یہ بتایا جائے کہ کتنی اسکیمیں مکمل ہو چکی ہیں اور کتنی تاحال زیرِ التواء ہیں۔لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تھرڈ پارٹی آڈٹ، کوالٹی چیک اور کنٹرول رپورٹس کی نقول فراہم کی جائیں۔ان رپورٹس کے لیے کس ادارے کو ہائر کیا گیا، اس کی تفصیل بھی فراہم کی جائے۔متعلقہ تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے تیار کردہ رپورٹس کی تحریری کاپیاں بھی مہیا کی جائیں۔ کن ترقیاتی اسکیموں کےPC-1 (پراجیکٹ سائیکل ون)کو ریوائز کیا گیا اور کن اسکیموں کااسٹرکچر پلان تبدیل ہوا، اس کی تفصیلات بھی مہیا کی جائیں۔یہ بھی بتایا جائے کہ اسٹرکچر پلان میں تبدیلی سے لاگت میں کتنا اضافہ ہوا۔ کنکریٹ پر ٹف ٹائل بچھانے کا عمل کن کن گلیوں میں کیا گیا، اس کا بھی مکمل ریکارڈ پیش کیا جائے۔قیصر شریف کا کہنا ہے کہ عوام کا پیسہ امانت ہے، اور ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ترقیاتی فنڈز کہاں اور کیسے خرچ ہو رہے ہیں۔ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ شفافیت اور احتساب ہر ترقیاتی منصوبے کا لازمی جزو ہونا چاہیے۔جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹی کا یہ اقدام شہر میں شفاف ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے اور عوامی وسائل کے درست استعمال کو یقینی بنانے کی ایک اہم کاوش ہے۔
33