پی سی بی ڈسڑکٹ انڈر 15،17 اور 19 ٹرائلز میں سفارشی کرکٹرزٹیموں میں شامل
کھلاڑیوں اور ان کے لواحقین نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا
گراس روٹ لیول پر سفارشی کلچر ختم کرنے اور میرٹ یقینی بنانے سے ہی پاکستان کرکٹ مضبوط ہوگی:نوجوان کرکٹرز
کراچی( اسپورٹس رپورٹر)کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن میرٹ کا قتل عام کرنے لگی ،اقربا پروری ، پسند نہ پسند اورسفارشی کلچرکے باعث باصلاحیت کھلاڑیوں کا استحصال جاری ، ٹرائلز اور سلیکشن کے مراحل محض رسمی کارروائی بن گئی، گزشتہ دنوں پی سی بی ڈسڑکٹ انڈر 15،انڈر 17 اورانڈ ر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے باصلاحیت کھلاڑی نظرانداز، سفارشی ٹیموں میں شامل ، کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے میرٹ کے قتل عام پردلبرداشتہ کئی نوجوان کرکٹرز نے اپنے کرکٹ سامان کو آگ لگا دی،سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز ،کلب کرکٹرز کی بڑی تعداد سمیت نوجوان کھلاڑیوں اور ان کے لواحقین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے معاملات میں شفافیت لائی جائے، غیر متعلقہ افراد کی مداخلت بند کی جائے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ پر مواقع فراہم کیے جائیں۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ریجن میں مختلف ایج گروپ کی ٹیموں کے انتخاب سے لے کر ٹورنامنٹس کی منصوبہ بندی تک کے تمام معاملات ایک بااثر شخصیت کی مرضی سے طے پاتے ہیں، جس کے سبب مقامی کرکٹ سسٹم مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، میرٹ کا نظام دفن ہو چکا ہے جبکہ سفارش کلچر عروج پر پہنچ گیاہے،کئی باصلاحیت اور محنتی کھلاڑیوں کو صرف اس وجہ سے نظر انداز کر دیاگیاکہ ان کے پاس کوئی سفارش نہیں۔ گزشتہ دنوں منعقد ہونے والے انڈر 15 اور انڈر 17 کرکٹ ٹرائلز میں گوادر کے باصلاحیت کھلاڑیوں ریحان احمد اور شاہ زمان کو شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجودنظر انداز کرکے سفارشی کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا۔اسی طرح بلوچستان کے دیگر تمام اضلاع میں ان مقامی کوچ اور گوادر ڈسٹرکٹ کیلئے مقامی کوچ کی بجائے پشین ڈسٹرکٹ کے ایک غیر تجربہ کار شخص کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سابق کپتان کی سفارش پر کوچ مقرر کیا گیاہے ، کرکٹ اور ضلع گوادر کے ٹیلنٹ سے نا آشنا اس کوچ کی من مانیوں ، میرٹ کے بجائے پسند ناپسند پر مبنی فیصلوں اور سفارشی کلچر کو پروان چڑھانے کی وجہ سے گوادر کرکٹ زوال کی طرف گامزن ہے۔کرکٹ کے کھیل کی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد ،سابق فرسٹ کلاس کرکٹرز اور کلب کرکٹرز کی بڑی تعداد نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئٹہ ریجن میںمیرٹ کا قتل عام ،سفارشی کلچر ،پسند نا پسند کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو اُبھرتا ہوا ٹیلنٹ ضائع ہو جائے گا اور نوجوانوں کا کھیل کے نظام پر اعتماد ختم ہو جائے گالہٰذا چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی گراس روٹ لیول سے کرکٹ کے کھیل کو سفارشی کلچر سے پاک کرکے پاکستان کرکٹ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔