کامیاب اجتماع عام سے”بدل دو نظام” تحریک عوام کی توانا آواز بن گئی ہے ۔
“بدل دو نظام” تحریک کے بیانیے کو ملک بھر میں نئی قوت اور عوامی پذیرائی ملی ہے۔
امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ کی کامیاب اجتماع عام کے انعقاد پر ذمہ داران کو مبارکباد
لاہور (عمرحیات چوہدری) امیرِ جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تین روزہ تاریخی اجتماعِ عام غیر معمولی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے، جس پر تمام انتظامی کمیٹیوں کے ذمہ داران اور کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ “بدل دو نظام” تحریک کے بیانیے کو ملک بھر میں نئی قوت اور عوامی پذیرائی ملی ہے۔ اجتماع میں ملک بھر کے مختلف حصوں سے آئے لاکھوں افراد نے شرکت کر کے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں عادلانہ، شفاف اور اسلامی نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔امیر لاہور نے کہا کہ اجتماعِ عام کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ دنیا کے 40 ممالک سے مندوبین نے خصوصی شرکت کی، جس سے اجتماع کی بین الاقوامی اہمیت اجاگر ہوئی اور پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا۔ غیر ملکی مندوبین نے جماعتِ اسلامی کی جدوجہد، عوامی اعتماد اور شفاف سیاسی کردار کو سراہتے ہوئے اسے خطے میں مثبت تبدیلی کی مضبوط تحریک قرار دیا۔اس تاریخی اجتماع کی میزبانی کا اعزاز جماعتِ اسلامی لاہور کو حاصل ہوا، جس نے بھرپور انتظامی محنت، جذبے اور نظم و ضبط کے ساتھ 3 لاکھ سے زائد شرکاء کی میزبانی کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ اجتماع کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، رہنمائی، صفائی اور دیگر انتظامات مثالی رہے، جنہیں شرکاء نے خراجِ تحسین پیش کیا۔امیرِ جماعتِ اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کامیاب اجتماعِ عام پر لاہور کے تمام کارکنان، ذمہ داران اور رضاکاروں کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ لاہور کے عوام اور جماعتِ اسلامی کے کارکن ملک میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “بدل دو نظام” تحریک مظلوم اور محروم طبقات کی آواز ہے، اور جماعتِ اسلامی اس جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعِ عام کی کامیابی کارکنانِ لاہور کے عزم، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کا نتیجہ ہے، جو ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور نظامِ عدل کے قیام کے لیے صفِ اوّل میں رہے ہیں۔
8